وراٹ کوہلی کے لیے آئی پی ایل 2021 سیزن بطور رائل چیلنجرس بنگلورو کے کپتان آخری سیزن تھا، اور آج جیسے ہی بنگلورو کو کولکاتا نے شکست دی، ان کے خواب چور چور ہو گئے۔ وراٹ کوہلی چاہتے تھے کہ اپنی کپتانی میں وہ ایک بار بنگلورو کو آئی پی ایل چمپئن بنائیں، لیکن دلچسپ مقابلے میں کولکاتا نے بنگلورو کو 4 وکٹ سے شکست دے دی۔
پیر کے روز کھیلے گئے ایلمنیٹر مقابلے میں آر سی بی نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 138 رن بنائے تھے، اور کولکاتا نے آخری اوور کی چوتھی گیند پر جیت کے لیے ضروری 139 رنوں کا ہدف حاصل کر لیا۔ وراٹ کوہلی کے لیے شکست کا یہ لمحہ بہت مایوسی والا رہا، کیونکہ وہ 2011 سے اب تک بنگلورو کو ایک بار بھی آئی پی ایل چمپئن نہیں بنا پائے۔ بنگلورو کے لیے انھوں نے 140 میچوں میں کپتانی کی جن میں 64 میں فتح اور 68 میں شکست ہاتھ لگی۔
غور طلب ہے کہ آئی پی ایل 2021 کا دوسرا سیزن شروع ہونے سے پہلے ہی وراٹ کوہلی نے اعلان کر دیا تھا کہ وہ 2022 کے آئی پی ایل سیزن میں بنگلورو کی کپتانی نہیں کریں گے۔ انھوں نے ٹی-20 عالمی کپ کے بعد ہندوستانی ٹی-20 ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا بھی اعلان کیا ہوا ہے۔ بنگلورو ٹیم کے سبھی کھلاڑی اور اسٹاف ممبر چاہتے تھے کہ کوہلی ٹیم کو چمپئن بنا کر کپتانی کو الوداع کہیں، لیکن آج ہوئی شکست کے ساتھ ہی یہ خواب ٹوٹ کر بکھر گیا۔