مغربی بنگال میں درگا پوجا کو لے کر کئی طرح کے پنڈال دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ ان پنڈالوں میں سب سے زیادہ تعریف ’بنگال کا برج خلیفہ‘ لوٹ رہا ہے۔ دبئی میں موجود برج خلیفہ کے طرز پر تیار بنگال کا برج خلیفہ پنڈال کئی مہینے پہلے سے ہی سرخیوں میں ہے۔ دور دور سے لوگ اس کو دیکھنے کے لیے پہنچ رہے ہیں۔ نتیجہ یہ ہے کہ بھیڑ بہت زیادہ بڑھنے کے سبب برج خلیفہ پنڈال کو بند کر دیا گیا ہے۔

شری بھومی اسپورٹنگ کلب کے ذریعہ قائم 300 سے زائد لیزر لائٹ والا برج خلیفہ پنڈال تقریباً 145 فیٹ لمبا ہے۔ جن لوگوں کو بھی پتہ چلا کہ برج خلیفہ کا عکس شری بھومی اسپورٹنگ کلب نے تیار کیا ہے، اسے دیکھنے پہنچ گئے۔ لیکن اب یہ پنڈال سنسان پڑا ہے، کیونکہ پنڈال کے ذمہ داروں نے لوگوں کو اندر جانے سے منع کر دیا ہے۔

نئے لوگوں کے لیے ایک بری خبر یہ ہے کہ انھیں اب لیزر لائٹس دیکھنے کا بھی موقع ملنا مشکل ہی ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ طیارہ پائلٹوں کی شکایت کے بعد لیزر لائٹ بھی پنڈال انتظامیہ کے ذریعہ بند کر دیا گیا۔ دراصل برج خلیفہ پنڈال دمدم ہوائی اڈے کے پاس واقع ہے۔ تیز لیزر لائٹنگ کی وجہ سے پائلٹوں کو دقت ہو رہی تھی۔ اس وجہ سے مغربی بنگال کی پولس اور انتظامیہ سے مشورہ کے بعد لیزر لائٹنگ کو بند کر دیا گیا۔ ممکن ہے آنے والے دنوں میں کچھ مواقع پر لیزر لائٹ شروع کیا جائے۔