بی جے پی ترجمان سمبت پاترا نے 14 اکتوبر کی صبح ایک ٹوئٹ کیا جس میں گزشتہ 10 اکتوبر کو وارانسی میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی ریلی کے دوران قرآنی آیات پڑھے جانے کی ویڈیو شیئر کی۔ ٹوئٹ میں سمبت نے لکھا ’’تو پرینکا واڈرا اور کانگریس نے 14 اکتوبر کو اپنی ریلی میں کسی کو خوش کرنے کے لیے ایسا کیا۔‘‘ حالانکہ انھوں نے 14 اکتوبر غلط تاریخ لکھ دی اور پھر اسے تصحیح کرتے ہوئے 10 اکتوبر لکھا۔ لیکن سمبت پاترا کے ذریعہ ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد کانگریس بھی چپ نہیں بیٹھی۔ اس نے فوراً سمبت پاترا کو غلط ثابت کیا اور کہا کہ ریلی میں ’ہر ہر مہادیو‘ کا نعرہ بھی لگا تھا، اور ’گُربانی‘ بھی پڑھی گئی تھی۔
کانگریس لیڈر بی وی شرینواس نے بی جے پی ترجمان سمبت پاترا کی ویڈیو پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے پرینکا کے اُس ویڈیو کلپ کو ٹوئٹ کیا جس میں وہ دُرگا شلوک پڑھ رہی تھیں۔ ساتھ ہی سکھ مذہبی پیشوا کے ذریعہ گُربانی پڑھنے کا ویڈیو کلپ بھی پوسٹ کیا۔ علاوہ ازیں انھوں نے لکھا ’’ہیر پھیر پاترا، یہ بھی اسی وارانسی ریلی میں ہوا۔ کسی کو خوش کرنے کے لیے نہیں، بلکہ سبھی مذاہب کو عزت دینے کے لیے۔‘‘
کانگریس لیڈر روچیرا چترویدی نے بھی پرینکا گاندھی کے ذریعہ درگا شلوک پڑھے جانے کا ویڈیو کلپ شیئر کیا اور سمبت پاترا سے پوچھا کہ ’’آپ نے یہ والا حصہ کیوں کاٹ دیا؟ یہ ویڈیو پوسٹ کرنے کی ہمت رکھیے۔ جے ماتا دی۔‘‘