مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ اور شیوسینا چیف ادھو ٹھاکرے نے سالانہ دسہرا تہوار کے موقع پر اپنے خطاب میں بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ساتھ موہن بھاگوت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک بیان میں ادھو ٹھاکرے نے وزیر اعظم پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں فقیر نہیں ہوں جو جھولا اٹھا کر چل دوں گا۔‘‘
اپنے خطاب میں بی جے پی کے ذریعہ مرکزی ایجنسیوں کے غلط استعمال پر بھی ادھو نے حملہ بولا۔ انھوں نے ایک ٹی وی اشتہار کی نقل کرتے ہوئے کہا ’’پہلے مجھے نیند نہیں آتی تھی۔ دروازے پر ٹھک ٹھک ہوتی تھی تو رونگٹے کھڑے ہو جاتے تھے۔ پھر میں بی جے پی میں چلا گیا۔ اب میں کمبھ کرن کی طرح سوتا ہوں۔‘‘ شیوسینا چیف نے مزید کہا کہ سابق کانگریس لیڈر ہرش وردھن پاٹل نے بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد کچھ ایسا ہی کہا تھا۔
ہندوتوا سے متعلق اپنا خیال ظاہر کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ہندوتوا کو ہندوتوادیوں سے ہی خطرہ ہے۔ ہندوتوا کو خطرہ ان لوگوں سے بھی ہے جنھوں نے اقتدار حاصل کرنے کے لیے ہندوتوا نظریہ کا استعمال کیا۔ آگے وہ بانٹو اور راج کرو کی پالیسی اختیار کریں گے۔ آر ایس ایس چیف پر حملہ آور ہوتے ہوئے ادھو نے کہا کہ ’’موہن بھاگوت بولے تھے کہ ہمارے آبا و اجداد ایک ہیں۔ پھر لکھیم پور میں دھرنا مظاہرہ کر رہے کسان کے آبا و اجداد کون ہیں؟ کیا وہ دوسرے سیارہ سے آئے تھے؟‘‘