ہندوستان نے آج کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ایک سنگ میل اس وقت حاصل کر لیا جب 100 کروڑ ٹیکے عوام کو لگ گئے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی سمیت مختلف شخصیات نے خوشی کا اظہار کیا اور اس جنگ کو مضبوطی کے ساتھ جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔ 100 کروڑ کورونا ٹیکہ کاری مکمل ہونے پر مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویا نے ایک گانا بھی لانچ کیا۔ اس گانے کے بول ہیں ’نہ ہم رکے کہیں، نہ ہم ڈِگے کہیں‘۔ کیلاش کھیر نے اس گانے کو آواز دی ہے جسے لوگ بہت پسند کر رہے ہیں۔
مرکزی وزیر صحت نے لال قلعہ سے یہ گانا لانچ کیا، اور ساتھ ہی آڈیو-ویڈیو فلم بھی ریلیز ہوئی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ’’ہندوستان نے تاریخی 100 کروڑ ٹیکہ کاری کا ہدف حاصل کر کے تاریخ رقم کر دیا ہے۔‘‘ اس درمیان مرکزی وزیر منسکھ منڈاویا نے کووڈ-19 وار روم پہنچ کر وہاں موجود لوگوں کے درمیان مٹھائی بھی تقسیم کی۔
غور طلب ہے کہ ہندوستان میں ٹیکہ کاری مہم کی شروعات 16 جنوری سے ہوئی تھی۔ پہلے مرحلہ میں طبی اہلکاروں کو ٹیکے لگائے گئے، پھر 2 فروری سے صف اول کے اہلکاروں کی ٹیکہ کاری شروع ہوئی۔ اگلا مرحلہ یکم مارچ سے شروع ہوا تھا جس میں 60 سال سے زیادہ عمر کے سبھی لوگوں اور سنگین بیماریوں میں مبتلا 45 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ٹیکے لگائے گئے۔ پھر دھیرے دھیرے دیگر لوگوں کی ٹیکہ کاری کا عمل شروع ہوا۔