سعودی عرب کے شہر مدینہ میں موجود مسجد نبوی کا دیدار کرنے کی خواہش ہر مسلم کی ہوتی ہے۔ اس خواہش کی تکمیل کے لیے لوگ بڑے بڑے جتن کرتے ہیں، لیکن ہر کوئی دیدار نہیں کر پاتا۔ اس تاریخی مسجد کا ایک نایاب ماڈل مدھیہ پردیش میں تیار کیا گیا ہے جو ان دنوں سرخیوں میں ہے۔ 2 بھائیوں شعیب خان اور ماجد خان نے 3 سال کی محنت سے اسے کیا ہے اور تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے کا خرچ آیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق دونوں بھائیوں نے ایک خاص طرح کے تھرماکول سے مسجد نبوی کا ہوبہو ماڈل تیار کیا ہے۔ مسجد نبوی کا یہ ماڈل سب سے چھوٹا اور نایاب بتایا جا رہا ہے۔ نوری مسجد جلوس کمیٹی اس ماڈل کا نام عالمی ریکارڈ میں درج کرانے کی کوشش میں ہے۔ ماڈل تیار کرنے میں اس کمیٹی کے امین بھائی اور شمی بھائی نے بھی تعاون کیا ہے۔

شعیب موبائل ریپیئرنگ کا کام کرتے ہیں اور بڑے بھائی ماجد پیشے سے پینٹر ہیں۔ ان کے والد ممتاز خان بھی اپنے وقت کے قابل پینٹر رہے ہیں۔ انھوں نے ماڈل بنانے میں بیٹوں کی بہت مدد کی۔ ممتاز خان نے گوگل سے مسجد نبوی کا ایک پرفیکٹ نقشہ نکالا، جس کے بعد ان کے بیٹوں نے سخت محنت سے اس کا ماڈل تیار کیا۔ اب لوگ شدت سے 25 اکتوبر کا انتظار کر رہے ہیں جب شام 7 بجے سے رات 11 بجے تک نوری مسجد قبرستان میں مسجد نبوی کے اس نایاب ماڈل کی زیارت ہوگی۔