نوئیڈا واقع بوٹنیکل گارڈن میٹرو اسٹیشن کی ایک ویڈیو وی ایچ پی ترجمان ونود بنسل نے شیئر کی ہے۔ اس میں ایک مسلم شخص کو نماز پڑھتے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انھوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا ہے ’’کیا دہلی میٹرو احاطہ میں اس کی اجازت ہے؟ نوئیڈا میں بوٹنیکل گارڈن میٹرو اسٹیشن کے ایگزٹ گیٹ پر آج 6 بجے یہ نماز پڑھی گئی۔‘‘ یہ ٹوئٹ ونود بنسل نے 22 اکتوبر کو کیا تھا جس پر تیزی کے ساتھ لوگوں کا تبصرہ سامنے آ رہا ہے۔
کانگریس لیڈر حسیبہ امین نے اس ویڈیو پر ونود بنسل کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ 23 اکتوبر کو حسیبہ نے ویڈیو پر جو ریپلائی دیا ہے اس میں لکھا ہے ’’ہاں، اس کی اجازت ہے۔ آئندہ اس طرح کے پوسٹس کر کے خود کو شرمندہ کرنے سے پہلے جاؤ اور ہندوستانی آئین پڑھو۔‘‘
وجے پال سنگھ تریال نامی ٹوئٹر ہینڈل سے بھی بنسل کے ٹوئٹ کی مذمت کی گئی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے ’’نفرت کے چشمے سے دیکھو گے تو سب برا نظر آئے گا۔ کیا دقت ہے اس میں، دعاء ہی تو پڑھ رہے ہیں۔ کب تک بنسل جی آنے والی نسلوں کو برباد کرو گے۔‘‘ ایک دیگر ٹوئٹر ہینڈل سے تبصرہ کیا گیا ہے کہ ’’آپ یہ کیوں سوچتے ہیں کہ اس کی اجازت نہیں؟ ایک شخص خاموشی کے ساتھ ایک کونے میں نماز پڑھ رہا ہے، کسی کو تکلیف بھی نہیں پہنچا رہا۔ ایک عبادت نے آپ کو اتنا غیر محفوظ کیسے کر دیا؟‘‘