کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی اتر پردیش اسمبلی انتخاب کو لے کر پوری طرح سرگرم نظر آ رہی ہیں۔ وہ مظلوموں سے ملاقات کر رہی ہیں، اور خواتین کو ان کے حقوق بتا رہی ہیں۔ اس درمیان 23 اکتوبر کو پرینکا بارابنکی میں ایک کھیت کا دورہ کرنے پہنچ گئیں۔ وہاں انھوں نے کسان خواتین سے ملاقات کی اور ان کی تکالیف و مسائل کے بارے میں جانا۔ پرینکا کی کسان خواتین سے ملاقات کی کچھ ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں۔ ایک ویڈیو میں کچھ کسان خواتین اپنے ہاتھوں سے نوالہ بنا کر پرینکا کو کھلاتی دکھائی پڑ رہی ہیں۔ یہ منظر بہت خوشگوار معلوم پڑتا ہے کیونکہ پرینکا اور وہاں موجود سبھی عورتیں ہنستی مسکراتی نظر آ رہی ہیں۔
کسان خواتین کے ذریعہ پرینکا کو اپنے ہاتھوں سے نوالہ کھلائے جانے کے بعد ان کا موازنہ امریندر باہوبلی (فلم ’باہوبلی‘ کا اہم کردار) سے کیا جانے لگا ہے۔ دراصل راجستھان کے کانگریس رکن اسمبلی دھیرج سنگھ نے پرینکا اور باہوبلی کی ویڈیو ایک ساتھ جوڑ کر یہ موازنہ کیا ہے۔ اس میں ایک طرف دکھایا جا رہا ہے کہ پرینکا کسان خواتین کے ہاتھوں کھانا کھا رہی ہیں، اور دوسری طرف ’باہوبلی‘ فلم کا وہ سین دکھایا جا رہا ہے جس میں گاؤں کی غریب عورتیں باہوبلی کو اپنے ہاتھوں سے کھانا کھلا رہی ہیں۔ اس ویڈیو کے ساتھ دھیرج سنگھ نے لکھا ہے ’’وہ اور ہوں گے جو سرحدوں پر راج کرتے ہیں۔ یہ ہیں پرینکا دیدی جو دلوں پر راج کرتی ہیں۔ امید کی آندھی، بہن پرینکا گاندھی۔‘‘