اتر پردیش اسمبلی الیکشن میں اب چند مہینے باقی رہ گئے ہیں۔ سبھی پارٹیوں نے انتخابی تشہیر کا عمل تیز کر دیا ہے۔ اس درمیان بی جے پی اراکین اسمبلی اور لیڈروں کی آتش بیانی جاری ہے۔ تازہ بیان یوگی کابینہ میں اسکل ڈیولپمنٹ اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے وزیر کپل دیو اگروال کا سامنے آیا ہے۔ انھوں نے ایک تقریب کے دوران کہا کہ اس بار جو بھی بی جے پی کو ووٹ نہیں دے گا، وہ دہشت گردی کا حامی ہوگا۔

دراصل بی جے پی نے مظفر نگر میں ’پال سماج سمیلن‘ کا انعقاد کیا تھا۔ اس تقریب میں مرکزی وزیر سنجیو بالیان اور کپل دیو اگروال کے ساتھ ساتھ کئی اہم بی جے پی لیڈران شامل تھے۔ کپل دیو نے اسٹیج سے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’2022 کا الیکشن نیشنلزم اور ٹیررزم (وطن پرستی اور دہشت گردی) کے اوپر ہوگا۔ جو نیشنلسٹ لوگ ہیں وہ بی جے پی کو ووٹ دیں گے، اور جو دہشت گردی کو تحفظ دینے کا کام کرتے ہیں وہ دیگر پارٹی کو ووٹ دیں گے۔‘‘

کپل دیو اگروال نے اپنے خطاب کے دوران کشمیر کے حالات پر بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ پہلے جب کشمیر میں دہشت گرد ہمارے جوانوں کو مارتے تھے تو ہمارے وزیر اعظم امریکہ کے صدر کے سامنے جا کر گھٹنے ٹیکتے تھے۔ بھیک مانگتے تھے کہ پاکستان حملہ کر رہا ہے، ہماری جان بچاؤ۔ لیکن آج اگر کوئی ہمارے جوانوں پر حملہ کرتا ہے تو اسے سبق سکھایا جاتا ہے۔