سیاست کی نبض کو سمجھنے میں ماہر پرشانت کشور عرف ’پی کے‘ نے ہندوستانی سیاست میں بی جے پی کے کردار کو لے کر ایک بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ آنے والی دہائیوں میں بی جے پی ایک مضبوط طاقت بنی رہے گی۔ اسے پیچھے چھوڑنے کے لیے دیگر پارٹیوں کو کئی دہائیوں تک جنگ لڑنا ہوگا۔ پی کے کا کہنا ہے کہ جس طرح 40 سال قبل تک اقتدار کانگریس کے ارد گرد گھومتا رہا، اسی طرح بی جے پی بھی ہارے یا جیتے، اقتدار اس کے ارد گرد گھومتا رہے گا۔ پرشانت واضح لفظوں میں کہتے ہیں کہ ایک بار جب کوئی پارٹی قومی سطح پر 30 فیصد ووٹ حاصل کر لیتی ہے تو اسے فوراً سیاسی نقشہ سے ہٹانا ممکن نہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق پرشانت کشور نے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے بارے میں راہل گاندھی کی سوچ پر بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’راہل گاندھی کو لگتا ہے کہ بس کچھ وقت میں لوگ انھیں (نریندر مودی) اقتدار سے ہٹا دیں گے، لیکن ایسا نہیں ہوگا۔ جب تک آپ ان کی طاقت کا اندازہ نہیں لگا لیتے، آپ انھیں ہرانے کے بارے میں نہیں سوچ سکتے۔‘‘ پی کے مزید کہتے ہیں کہ ’’بیشتر لوگ ان کی طاقت کو سمجھنے میں وقت نہیں لگا رہے۔ جب تک آپ یہ نہ سمجھیں کہ ایسی کون سی چیز ہے جو انھیں مقبول بنا رہی ہے، تب تک آپ ان کو کاؤنٹر نہیں کر پائیں گے۔‘‘