سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیوالی کی لائٹنگ کے درمیان موجود ایک بڑے اسکرین پر ’عید میلاد النبی‘ کا پیغام چلتا دکھائی پڑ رہا ہے۔ یہ ویڈیو ممبئی واقع تاریخی شیواجی پارک کی ہے۔ لوگ اس بات کو لے کر حیران ہیں کہ آخر دیوالی کی مبارکباد دینے کی جگہ عید میلاد النبی کا پیغام کیوں چلایا گیا۔ بی جے پی رکن اسمبلی نتیش رانے نے تو ادھو ٹھاکرے حکومت کو ہی کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں سوال کیا کہ ’’کیا ہم پاکستان میں رہ رہے ہیں!!!‘‘

اس پورے معاملے پر ادھو ٹھاکرے حکومت نے تو کچھ نہیں کہا ہے، لیکن ایم این ایس (مہاراشٹر نونرمان سینا) نے سچ سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ ایم این ایس کارکن یشونت کلیدھر کے مطابق ممکن ہے لائٹ کی ٹیسٹنگ کے وقت ’عید میلاد النبی‘ لکھا ہوا ہو۔ سسٹم میں پرانی چیزیں لوڈ رہتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ جب ٹیسٹنگ ہوئی ہوگی تو پرانی چیز لکھی نظر آئی۔ یشونت نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ویڈیو غالباً اتوار کو بنائی گئی ہوگی، کیونکہ سوموار کی شام جب شیواجی پارک میں لائٹنگ کا باضابطہ افتتاح ہوا، اس کے بعد ایسا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا۔ ایم این ایس نے یہ صفائی اس لیے دی ہے کیونکہ گزشتہ کئی سالوں سے دیوالی کے موقع پر وہی شیواجی پارک میں لائٹنگ کا انتظام کراتی ہے۔ گویا کہ ادھو ٹھاکرے حکومت کا اس لائٹنگ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔