دہلی میں ایک مسلم دکاندار کو بجرنگ دل کارکن کے ذریعہ دھمکانے والی ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے۔ 4 نومبر یعنی دیوالی کے دن بریانی کی دکان کھولے جانے پر بجرنگ دل کارکن کو اعتراض تھا۔ اس نے دکاندار کو خوب گالیاں دی تھیں اور آئندہ کسی بھی ہندو تہوار پر دکان نہ کھولنے کی بات کہی تھی۔ اس وائرل ویڈیو پر دہلی پولس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بجرنگ دل کارکن کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔
دہلی پولس کا کہنا ہے کہ اس وائرل ویڈیو پر جمعہ کے روز محکمہ نے از خود نوٹس لیا ہے۔ جیسے ہی ویڈیو سامنے آئی، اس کی فوراً جانچ کروائی گئی اور دکاندار کی پہچان کر اس سے پوچھ تاچھ کی گئی۔ پھر مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کا معاملہ درج کر لیا گیا۔ پولس نے بتایا کہ بدسلوکی کرنے والے نوجوان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
یہ واقعہ دہلی واقع سَنت نگر علاقے کا ہے۔ ہندوتوا ذہنیت رکھنے والے اس نوجوان نے دکاندار سے بدکلامی کی اور اس کی دکان بند کروا دی۔ اس شخص نے ویڈیو کے آخر میں اپنا نام نریش کمار سوریہ ونشی بتایا، اور راشٹریہ بجرنگ دل کارکن ہونے کی بات کا بھی اعتراف کیا تھا۔ اس نے ویڈیو میں کہا کہ ’’سَنت نگر ایک ہندو علاقہ ہے اور انھیں کسی بھی تہوار پر دکان کھولنے کی اجازت نہیں ہے۔‘‘ ہنگامہ بڑھتا دیکھ کر دکان کے مالک اور اس کے ملازمین نے کچھ ہی دیر میں دکان بند کر دی تھی۔