وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں اور ان کے طریقۂ حکمرانی کی تنقید بھلے ہی لگاتار ہو رہی ہو، لیکن اب بھی وہ دنیا کے سب سے مقبول لیڈر برقرار ہیں۔ ’مارننگ کنسلٹ‘ کی جانب سے جاری ’گلوبل لیڈر ایپروول ریٹنگ‘ میں وزیر اعظم مودی 70 فیصد ایپروول (منظوری) کے ساتھ سرفہرست قرار دیے گئے ہیں۔ دنیا بھر کے بالغ افراد کے درمیان ہوئی اس ریٹنگ میں ہندوستانی وزیر اعظم نے سبھی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق ’مارننگ کنسلٹ‘ نے 2019 میں اس تعلق سے ڈاٹا جمع کرنا شروع کیا تھا۔ ریٹنگ 11 اپریل 2021 تک جمع کردہ ڈاٹا پر مبنی ہے جس میں ہندوستانی وزیر اعظم کے بعد دوسرے مقام پر میکسیکو کے صدر اینڈریس مینوئل لوپیز اوبراڈور ہیں۔ انھیں 66 فیصد ریٹنگ حاصل ہوئی ہے۔ تیسرا مقام اٹلی کے وزیر اعظم ماریو دراگی (58 فیصد)، چوتھا مقام جرمن چانسلر انجیلا مرکیل (54 فیصد)، اور پانچواں مقام آسٹریلیائی وزیر اعظم اسکاٹ ماریسن (47 فیصد) کو حاصل ہوا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکی صدر جو بائڈن اس فہرست میں 44 فیصد ریٹنگ کے ساتھ چھٹے مقام پر ہیں، جو حیرت انگیز ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 2019 میں بائڈن کی مقبولیت زیادہ نہیں تھی، اس کا اثر ان کی ریٹنگ پر پڑا ہے۔ بہر حال، ’مارننگ کنسلٹ‘ ایک سیاسی انٹلیجنس ریٹنگ کمپنی ہے۔ یہ آسٹریلیا، برازیل، کناڈا، فرانس، جرمنی، ہندوستان، اٹلی، جاپان، میکسیکو، جنوبی کوریا، اسپین، یونائٹیڈ کنگڈم اور امریکہ میں سرکاری لیڈروں کے لیے ریٹنگ کو ٹریک کرتی ہے۔