ویسٹ انڈیز کے طوفانی بلے باز کرس گیل کا ریٹائرمنٹ بھی ایک معمہ بن گیا ہے۔ انھوں نے ٹی-20 عالمی کپ کے دوران کبھی ریٹائرمنٹ کی بات نہیں کہی، لیکن ان کے انداز سے لگا کہ جلد ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان ہو جائے گا۔ 6 نومبر کو آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران جب کرس گیل محض 15 رن پر آؤٹ ہوئے، اور پویلین لوٹتے وقت شائقین کی جانب ہیلمٹ کے ساتھ بیٹ بھی لہرایا، تو سبھی سمجھ گئے کہ یہ ان کا آخری میچ ہو سکتا ہے۔ کمنٹیٹرس بھی بات کرنے لگے کہ غالباً ڈوین براوو کے ساتھ ساتھ انھوں نے بھی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بس اعلان کرنا باقی رہ گیا ہے۔ لیکن نہیں، کرس گیل فی الحال ریٹائرمنٹ کا ارادہ نہیں رکھتے۔
کرس گیل نے میچ کے بعد جو کچھ کہا، اس نے سب دودھ کا دودھ، اور پانی کا پانی کر دیا۔ پہلے تو انھوں نے کہا کہ ’’یہ سیمی ریٹائرمنٹ ہے، میں اپنے گھریلو ناظرین کے سامنے جمائیکا میں آخری بین الاقوامی میچ کھیلنا چاہتا ہوں۔‘‘ پھر گیل نے یہ بھی کہہ دیا کہ ’’میں مزید ایک ورلڈ کپ کھیلنا چاہتا ہوں، لیکن شاید ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ اس کی اجازت نہیں دے گا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ’’(آسٹریلیا کے خلاف) میچ کے دوران جو بھی میں کر رہا تھا وہ بس ناظرین کی تفریح کے لیے تھا۔‘‘ گویا کہ گیند کو باؤنڈری پار پہنچانے کے لیے مشہور گیل نے مذاق بھی کیا تو باؤنڈری پار کر دیا۔
(تحریر: تنویر احمد)