پٹنہ: بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ اور انجمنِ ترقی اردو بہار نے آج تاریخ میں پہلی مرتبہ ’دوردرشن‘ اور ’آکاشوانی‘ پٹنہ کے ہندی اور اردو نیوز اینکرس کو ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کے موقع پر اعزاز سے نوازا۔ اس موقع پر انڈین انفارمیشن سروس کے سینئر آفیسر اور دوردرشن، پٹنہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ( نیوز) سید سلمان حیدر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔
جن نیوز اینکرس کو اعزاز سے نوازا گیا ان میں منتی چکلا نویس، انشو اوستھی، رشمی واتسیان، شگفتہ یاسمین، ثریا جبیں، احمد رضا ہاشمی، عمران صغیر، سید آفتاب عالم، شکیل احمد، اقبال احمد، شرف الہدی اور سید سلمان غنی شامل ہیں۔ مہمان خصوصی سید سلمان حیدر نے نیوز اینکرس کو نوازے جانے کے لیے مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے چیئرمین اور انجمنِ ترقی اردو بہار کے جنرل سکریٹری عبدالقیوم انصاری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس موقع پر مولانا ابوالکلام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا آزاد نے تعلیم پر سب سے زیادہ زور دیا۔ ہمیں سمجھنا چاہیے کہ صرف ٹیکسٹ پڑھ لینا ہی تعلیم نہیں ہے، بلکہ اس کے مفہوم کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔
اپنی صدارتی تقریر میں عبدالقیوم انصاری نے کہا کہ بہار میں مدارس کی تعلیم کا معیار بہتر بنانے کے لیے جتنا کام وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی حکومت میں ہوا ہے، اتنا کسی حکومت میں نہیں ہوا۔ وزیر اعلیٰ کا تو یہ بھی کہنا ہے کہ مسلم آبادی تعلیم میں آگے نہیں بڑھے گی تو بہار آگے نہیں بڑھے گا۔