ویر نرمدا ساؤتھ گجرات یونیورسٹی (وی این ایس جی یو) گجرات کی پہلی اور ہندوستان کی 14ویں یونیورسٹی بننے والی ہے جو طلبا کو ’ہندو مذہب‘ کی تعلیم بطور سبجیکٹ دے گی۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر کشور سنگھ چاؤڑا نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ نئے تعلیمی سیشن سے یہ سلسلہ شروع ہوگا۔ چونکہ اس یونیورسٹی کے ساتھ گجرات کے 245 کالج منسلک ہیں، اس لیے امید کی جا رہی ہے کہ ان سبھی کالجوں میں ’ہندو مذہب‘ کی تعلیم دی جائے گی۔
’آج تک‘ میں شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گجرات کی کسی بھی یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار صورت کی ویر نرمدا ساؤتھ گجرات یونیورسٹی ’ایم اے، ہندوز اسٹڈیز‘ نامی سبجیکٹ کے طور پر پڑھانا شروع کرے گی۔ اس یونیورسٹی سے جن 245 کالجوں کا انسلاک ہے، ان میں ہزاروں طلبا و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندو مذہب سے متعلق سبجیکٹ کو بنارس ہندو یونیورسٹی نے تیار کیا ہے۔ اسے ملک کی تقریباً 13 دیگر یونیورسٹیوں میں پڑھایا جا رہا ہے۔ ویر نرمدا ساؤتھ گجرات یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا کہنا ہے کہ الگ الگ سیمسٹر میں الگ الگ سبجیکٹ پڑھائے جائیں گے اور سبھی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ گجرات میں کسی یونیورسٹی کے ذریعہ یہ پہلا تجربہ ہے، اس لیے اسے گجراتی زبان میں ہی شروع کیا جائے گا۔ پھر جیسے جیسے طلبا و طالبات کی دلچسپی بڑھے گی، اس میں تبدیلی بھی لائی جائے گی۔