معیشت کی جانب سے 10واں کل ہند معاشی و تجارتی اجلاس کا انعقاد کولکاتا کے کلا مندر میں گزشتہ 14 نومبر کو منعقد ہوا۔ اس میں ملک بھر سے ماہرین معیشت کے ساتھ تاجر برادری کی شرکت ہوئی۔ مختلف شعبوں سے وابستہ بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ و مغربی بنگال کے تقریباً 300 سے زائد افراد نے اس اجلاس سے استفادہ کیا۔ اجلاس میں بنگال کی مشہور شخصیت ’الامین مشن‘ کے بانی جنرل سکریٹری ایم نورالاسلام کو ایڈوپرینر ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔ ربڑ انڈسٹری میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ’کھیتان ایکلاچلو برانڈ‘ کو کسٹمر فرینڈلی برانڈ آف دی ایئر-2021 کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ علاوہ ازیں ’عمر ریٹیل‘ کو فاسٹیسٹ گروئنگ کمپنی آف دی ایئر ایوارڈ اور حلال پروڈکٹ کو پروموٹ کرنے پر ’رہبر فائنانشیل سروسز‘ کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اس موقع پر پروگرام کے منتظم اور معیشت کے منیجنگ ڈائریکٹر دانش ریاض نے کہا کہ معیشت اپنے تجارتی اجلاس کے ذریعہ جہاں لوگوں کے بیچ ربط و تعلق کا کام کرتی ہے، وہیں مختلف صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں پہچان دینے کی کوشش بھی کرتی ہے۔ 2009 سے قائم ادارہ معیشت ملک کے مختلف حصوں میں سرگرم ہے اور دہلی، ممبئی، بنگلورو کے ساتھ ساتھ کولکاتا جیسے میٹرو پولیٹن شہر میں تجارتی اجلاس منعقد کر کے اس بات کی کوشش کرتا رہا ہے کہ دیگر ریاستوں میں پھیلے ہوئے تاجر برادری آپسی ربط و تعلق کے ساتھ اپنی تجارت کو فروغ دیں، اور آپسی روابط کے ذریعہ ایک دوسرے کی تجارت سے مستفید ہوں۔