’کون بنے گا کروڑپتی-13‘ کے ’اسٹوڈنٹ ویک اسپیشل‘ میں اس بار بچوں کے مزیدار اور دلچسپ سوالوں سے لوگ محظوظ ہونے والے ہیں۔ اس سلسلے میں سونی انٹرٹینمینٹ چینل نے ایک پرومو شیئر کیا ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ  ایک ننھے مہمان کے سوالات سے ’بگ بی‘ یعنی امتابھ بچن اتنے گھبرا گئے کہ انہیں کہنا پڑا کہ ’’یہ تو میرا پول کھول دے گا۔‘‘

دراصل ’اسٹوڈنٹ ویک اسپیشل‘ کے موقع پر ’کون بنے گا کروڑپتی-13‘ کے سیٹ پر پہنچے ایک بچے نے امیتابھ سے ایسے ایسے سوالات کیے جو بڑے بڑے بھی پوچھنے کی ہمت نہیں رکھتے۔ چھوٹا بچہ امیتابھ بچن سے پوچھتا ہے کہ ’آپ کی لمبائی اتنی زیادہ ہے کہ گھر کے پنکھے آپ خود صاف کر لیتے ہیں، یا نہیں؟‘، بچے نے ایک اور دلچسپ سوال کیا کہ ’جب آپ آرادھیہ کے سالانہ فنکشن میں جاتے ہیں تو لوگ پروگرام کو دیکھتے ہیں یا آپ کو؟‘ اس نے لگے ہاتھوں یہ بھی پوچھ لیا کہ ’جب وہ چھوٹے تھے تو کیا ان کی ممی بھی انہیں پڑھنے کے لئے ڈانٹتی تھیں‘۔ بچے کے ان دلچسپ سوالوں سے گھبرا کر بگ بی کو کہنا پڑتا ہے ’’یہ بہت گُنی (ماہر) آدمی ہے بھیّا، یہ ہمارا پول کھول دے گا۔‘‘

اس مزیدار ایپی سوڈ کا پرومو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ یہ کافی دلچسپ ہونے والا ہے، کیونکہ اب تک دوسروں کو اپنے دلچسپ اور مشکل سوالوں سے کنفیوز کرنے والے امیتابھ بچن کو اس بار بچوں کے دلچسپ سوالوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔