امریکہ کے پنسلوینیا میں گزشتہ دنوں ایک طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا تھا۔ اس حادثہ میں 13 سالہ بچی اور اس کے والد زخمی ہوئے تھے جنھیں بڑی مشکل سے تلاش کے بعد بچایا گیا۔ ان دونوں کی جان ’ایپل آئی پیڈ‘ نے بچائی اور پورا واقعہ حیرت انگیز ہے۔ ’سی این این‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ طیارہ حادثہ کے بعد باپ-بیٹی کی جان خطرے میں تھی۔ ان کی تلاش زور و شور سے ہو رہی تھی، لیکن کچھ پتہ نہیں چل پا رہا تھا۔ پھر آئی پیڈ کے سنگل کی مدد سے بچاؤ ٹیم کے کارکنان دونوں تک پہنچ سکے۔
طیارہ گزشتہ اتوار (14 نومبر) کو حادثہ کا شکار ہوا تھا۔ 58 سالہ پائلٹ والد نے اپنی 13 سالہ بیٹی کو لے کر 2 سیٹر طیارہ میں پرواز بھری۔ پرواز کے کچھ وقت بعد ہی طیارہ رڈار سے غائب ہو گیا۔ یونائٹیڈ اسٹیٹس ائیرفورس ریسکیو کورڈنیشن سنٹر نے 5 گھنٹے تک سرچ آپریشن چلایا۔ طیارہ کی آخری لوکیشن کی بنیاد پر ریسکیو ٹیمیں اور تقریباً 30 والنٹیرس نے علاقے میں گرڈ سَرچ کیا۔
پائلٹ کی شناخت کے بعد ریسکیو ٹیم نے ان کی بیوی سے رابطہ کیا۔ پائلٹ کا فون نمبر معلوم ہونے پر ریسکیو ٹیم نے سیل فون پر ’پِنگ‘ کیا اور پھر پتہ چلا کہ بیٹی کے پاس آئی پیڈ تھا۔ پھر انھوں نے آئی پیڈ پر سگنل بھیجے اور ملی جانکاری کے مطابق کامیابی کے ساتھ دونوں کو تلاش کیا گیا اور علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا۔ اب دونوں بخیر ہیں۔