سپر اسٹار امیتابھ بچن کا پان مسالہ ’کملا پسند‘ اشتہار ٹی وی پر خوب دیکھا جا رہا ہے۔ لیکن ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ امیتابھ نے اس اشتہار کو دکھائے جانے پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کمپنی کو لیگل نوٹس بھیج دیا ہے۔ دراصل انھوں نے اس اشتہار کے لیے معاہدہ اکتوبر ماہ میں ختم کر دیا تھا اور اشتہار نہ دکھانے کی گزارش کی تھی۔ اس کے باوجود اشتہار دکھائے جا رہے ہیں جس کے پیش نظر کمپنی کو قانونی نوٹس بھیجا گیا۔

دراصل امیتابھ نے اپنے یوم پیدائش کے موقع پر یعنی 11 اکتوبر کو ’کملا پسند‘ کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم کر دیا تھا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا تھا ’’مجھے اس بات کا علم نہیں تھا کہ یہ ’سروگیٹ اشتہار‘ کے تحت آتا ہے۔‘‘ جب انھیں اس سلسلے میں جانکاری ملی تو معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ لیا۔

کافی وقت سے امیتابھ کو ان کے پان مسالہ اشتہارات کے لیے لوگوں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ اس کے پیش نظر امیتابھ نے تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے پان مسالہ برانڈ کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم کر دیا اور پروموشنل امور کے لیے جو پیسے دیے گئے تھے اسے بھی واپس کر دیا۔ حالانکہ ناقدین کے سامنے اپنی بات رکھتے ہوئے امیتابھ بچن نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ یہ ایک تفریحی کاروبار کا حصہ ہے، جو کئی لوگوں کو روزگار دیتا ہے۔ بہر حال، امیتابھ نے جب پان مسالہ اشتہارات سے خود کو الگ کیا تو کئی لوگوں نے تعریف کی۔