بنگلہ دیش دورے پر گئی پاکستانی ٹیم اور اس کے کھلاڑی مختلف اسباب کی بنا پر لگاتار سرخیوں میں ہیں۔ تازہ معاملہ شاہین آفریدی کا ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹی-20 مقابلے میں شاہین آفریدی اپنی گیند پر چھکا لگنے کے بعد اس قدر تلملا گئے کہ انہوں نے اگلی گیند پر کریز کے اندر موجود بنگلہ دیشی بلے باز عفیف حسین پر بے وجہ کی تھرو کر دی۔ یہ گیند عفیف کو پیر میں لگی اور وہ لڑکھڑا کر گر گئے۔ شاہین آفریدی کی اس حرکت پر کرکٹ شائقین نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شاہین میچ کا تیسرا اوور پھینک رہے تھے۔ شاہین کی پہلی ہی گیند پر عفیف حسین نے زوردار چھکا لگا دیا۔ اس کے بعد اگلی گیند پر انہوں نے گیند کو پلیس کر آفریدی کی طرف دھکیل دیا۔ پھر تلملائے شاہین آفریدی نے بے وجہ گیند عفیف کی طرف مار دی۔ گیند لگنے کے بعد عفیف اسٹمپ کے پاس ہی گر گئے۔ گیند بہت تیزی سے عفیف کے پیر میں لگی تھی جس کی وجہ سے وہ اپنا بیلنس کھو بیٹھے۔ حالانکہ انہیں زیادہ گہری چوٹ نہیں آئی اور وہ دوبارہ بلے بازی کے لئے تیار ہو گئے۔

عفیف کے پچ پر گرنے کے بعد پاکستانی ٹیم ان کے پاس پہنچی اور خیریت دریافت کی۔ شاہین کا بے وجہ کریز پر کھڑے بنگلہ دیشی بلے باز پر تھرو کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور ان کی کافی تنقید بھی ہو رہی ہے۔