تریپورہ میں ترنمول کانگریس لیڈروں کے لیے مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ تریپورہ پولس نے 21 نومبر کو برسراقتدار بی جے پی کے ایک کارکن کی شکایت کے بعد ترنمول کانگریس لیڈر سیانی گھوش کو گرفتار کر لیا۔ میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والی سیانی گھوش کو پوچھ تاچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔ ایک افسر کا کہنا ہے کہ بی جے پی کارکن نے سیانی پر وزیر اعلیٰ بپلب کمار دیب کے ایک نکڑ جلسہ کو رخنہ انداز کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

سیانی گھوش کو ایسے وقت میں گرفتار کیا گیا جب ترنمول کانگریس جنرل سکریٹری ابھشیک بنرجی تریپورہ دورہ کرنے والے تھے۔ سیانی کی گرفتاری کے بعد اتوار کو ہی تریپورہ پہنچنے کا ارادہ کرنے والے ابھشیک کے چارٹرڈ طیارہ کو ائیرپورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ تکنیکی اسباب کی بنا پر ابھشیک کے طیارہ کو اترنے کی اجازت نہیں ملی۔

اس درمیان ترنمول اراکین پارلیمنٹ کا ایک نمائندہ وفد مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کے لیے اتوار کی شب دہلی پہنچے گا۔ ترنمول ذرائع نے بتایا کہ اراکین پارلیمنٹ نے امت شاہ سے ملاقات کا وقت طلب کیا ہے اور پارٹی لیڈران سوموار کی صبح دھرنے پر بیٹھنے والے ہیں۔ ترنمول رکن پارلیمنٹ ڈیریک او برائن نے ایک ٹوئٹ بھی کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’تریپورہ میں گجرات ماڈل۔ ترنمول کانگریس اس طرح کی فاشسٹ بربریت کو کبھی قبول نہیں کرے گا۔‘‘