نیوزی لینڈ کے خلاف ختم ہوئی ٹی-20 سیریز میں روہت شرما نے ریکارڈوں کا انبار لگا دیا۔ روہت نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز میں 53 کی اوسط اور 154 کے اسٹرائک ریٹ سے بلے بازی کرتے ہوئے 159 رن بنائے جس میں 2 نصف سنچری شامل ہیں۔ اب روہت نیوزی لینڈ کے خلاف بطور کپتان سب سے زیادہ نصف سنچری بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے ٹی-20 مقابلوں میں سب سے زیادہ 30 بار نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے کے خلاف سیریز میں روہت نے ٹی-20 مقابلوں میں 150 چھکے بھی مکمل کیے اور وہ ایسا کرنے والے پہلے ایشیائی کھلاڑی بن گئے۔ وہ ٹیسٹ میں 50 سے زیادہ، وَن ڈے میں 100 سے زیادہ اور ٹی-20 میں 150 سے زیادہ چھکے مارنے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ روہت انٹرنیشنل کرکٹ میں 450 سے زیادہ چھکے لگانے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انھوں نے صرف 404 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا، اور اس طرح وہ دنیا میں سب سے تیز 450 چھکا مارنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
ریکارڈ بُک میں اپنے نام کی بَہار لاتے ہوئے روہت نے ٹی-20 مقابلوں میں بطور کپتان سب سے کم اننگ میں 50 چھکے لگانے کا بھی کارنامہ انجام دیا۔ اس کے علاوہ سب سے زیادہ 11 مرتبہ ٹی-20 مقابلوں میں 5 یا اس سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔