بنگلورو پولس نے مشہور اسٹینڈ اَپ کامیڈین منور فاروقی کے گزشتہ ریکارڈس کو دیکھتے ہوئے ’گڈ شیفرڈ آڈٹیوریم‘ میں ہونے والے ’ڈونگری ٹو نوویئر‘ پروگرام کو کینسل کرا دیا ہے۔ بنگلورو کے اشوک نگر کی پولس نے ’کرٹین کال ایونٹ‘ کے منتظمین میں سے ایک دھوریا نامی شخص کو مخاطب کرتے ہوئے ایک خط لکھا ہے جس میں انہیں یہ شو کینسل کرنے کے لیے کہا گیا۔ منور فاروقی نے شو کے کینسل کرائے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا ہے ’’نفرت جیت گئی، آرٹسٹ ہار گیا‘‘۔
منور فاروقی نے ٹوئٹر پر کیے گئے اپنے ایک پوسٹ میں بتایا کہ ’’آج بنگلورو شو کینسل ہوگیا (اس کے لیے پروگرام کی جگہ پر توڑ پھوڑ کی دھمکی دی گئی تھی)۔ ہم نے 600 سے زیادہ ٹکٹ فروخت کیے تھے۔ ایک مہینے پہلے میری ٹیم نے آنجہانی اداکار پنیت راج کمار کے آرگنائزیشن سے چیریٹی کی بات کی تھی۔ اس شو کے پیسے اس چیریٹی میں جانے تھے۔ ان کی ٹیم کے کہنے پر ہم نے آرگنائزیشن کے نام پر ٹکٹ نہیں بیچے تھے۔‘‘
غور طلب ہے کہ منور پر ہندو دیوی-دیوتاؤں پر قابل اعتراض تبصرہ کرنے کا الزام لگا تھا اور انہیں جیل بھی جانا پڑا تھا۔ جیل سے باہر آنے کے بعد منور کے کئی شو کینسل ہوئے، کیونکہ ان پر کئی شہروں میں پابندی لگا دی گئی ہے۔ ان پر کیس بھی درج کروا دیے گئے ہیں۔ حالانکہ منور نے کسی مذہب کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے کی بات سے انکار کیا ہے۔