آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) نے انگلینڈ اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو زوردار جھٹکا دیتے ہوئے ڈبلیو ٹی سی (عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ) کا 2-2 پوائنٹ کاٹ لیا ہے۔ یہ سزا دونوں ٹیموں کو ناٹنگھم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے دوران سست اوور ریٹ کی وجہ سے دی گئی ہے۔ ساتھ ہی دونوں ٹیموں پر 40 فیصد میچ فیس کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مقررہ وقت کو ذہن میں رکھا جائے تو دونوں ہی ٹیموں نے ہدف سے دو اوور کم ڈالے جس کے پیش نظر میچ ریفری کے آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل کرس براڈ نے یہ جرمانہ لگایا۔
اس تعلق سے آئی سی سی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’کھلاڑیوں اور ان کے انفرادی سپورٹنگ اسٹاف کے لئے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22، جو سست اوور ریٹ سے متعلق ہے، کے مطابق کھلاڑیوں کو ان کی میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ کیا جاتا ہے، جب ان کی ٹیم مقررہ وقت میں پورے اوور ڈالنے میں ناکام رہتی ہے۔ اس کے علاوہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کھیلنے کی شرائط کے آرٹیکل 16.11.2 کے مطابق ایک ٹیم کا ہر ایک اوور ہر شارٹ کے لئے ایک پوائنٹ کاٹا جاتا ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ اس معاملے میں انگلینڈ کے کپتان جو روٹ اور ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے اپنی غلطی اور جرمانے کو قبول کیا ہے، اس لئے ڈبلیو ٹی سی پوائنٹ کاٹے جانے سے متعلق کوئی باقاعدہ سماعت نہیں ہوئی۔