پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس 29 نومبر سے شروع ہونے والا ہے۔ اس سے ایک روز قبل یعنی 28 نومبر کو این ڈی اے میں شامل پارٹیوں کی انتہائی اہم میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں نیشنل پیپلز پارٹی (این پی پی) کی لیڈر اگاتھا سنگما نے مرکز کی مودی حکومت کے سامنے ایسا مطالبہ رکھ دیا جس سے سبھی حیران ہیں۔ انھوں نے حکومت سے شہریت ترمیمی ایکٹ (سی اے اے) منسوخ کرنے کی گزارش کی ہے۔
ایک میڈیا رپورٹ میں اگاتھا سنگما کا بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے اپنے مطالبہ کی جانکاری دی۔ انھوں نے کہا کہ ’’حال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی نے تینوں زرعی قوانین کو منسوخ کر دیا۔ ان قوانین کو منسوخ کرنے کے پیچھے لوگوں کے مفادات کا دھیان رکھا گیا ہے۔ لہٰذا میں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اب سی اے اے کو بھی منسوخ کر دیا جائے۔‘‘ اگاتھا نے کہا کہ شمال-مشرق کے لوگوں کے جذبات کو دھیان میں رکھتے ہوئے حکومت کو یہ قدم اٹھانا چاہیے۔
ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی ایک رپورٹ میں ایجنسی کے حوالے سے این پی پی لیڈر اگاتھا سنگما کا بیان پیش کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فی الحال کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے، لیکن ان کا مطالبہ سنا گیا ہے۔ اگاتھا کا کہنا ہے کہ میں نے یہ مطالبہ اپنی پارٹی اور شمال-مشرق کے لوگوں کی طرف سے رکھا ہے۔ حالانکہ اس پر لیڈران نے کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔