بہار میں کچھ مراحل کے پنچایت انتخابات ہو چکے ہیں اور کچھ مراحل کے باقی ہیں۔ بیشتر علاقوں کے نتائج بھی برآمد ہو گئے ہیں، اور ایک ریزلٹ نے افسران کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ دراصل ایک مردہ امیدوار کو پنچایت انتخاب میں کامیابی مل گئی ہے جو لوگوں میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ معاملہ بہار کے جموئی ضلع کا ہے جہاں سوہن مرمو کو فتح حاصل ہوئی ہے۔ افسوسناک یہ ہے کہ اپنی فتح کا جشن منانے کے لیے سوہن مرمو اس دنیا میں موجود نہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق جموئی ضلع میں 24 نومبر کو پنچایت انتخاب ہوئے تھے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق کھیرا بلاک واقع دیپک رہار گاؤں کے وارڈ نمبر 2 سے سوہن مرمو نے پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔ بعد ازاں 6 نومبر کو اس کی موت ہو گئی۔ اس واقعہ کی خبر کسی نے انتخابی افسران کو نہیں دی، نتیجہ یہ ہوا کہ بیلٹ پیپر پر سے سوہن کا نام نہیں ہٹ سکا۔
مقامی انتظامیہ کو سوہن کی موت کا پتہ تب چلا جب وہ جیت کا سرٹیفکیٹ لینے نہیں پہنچا۔ انتظامیہ نے تحقیقات کی تو پتہ چلا کہ کامیاب امیدوار کی تو ووٹنگ سے 18 دن قبل ہی موت ہو گئی۔ کھیرا بلاک بی ڈی او راگھویندر ترپاٹھی کا کہنا ہے کہ اب یہاں ضمنی انتخاب کرایا جائے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مقامی ووٹرس کو سوہن کی موت کے بارے میں پتہ تھا، پھر بھی ہمدردی میں اسے خوب ووٹ پڑے، اور کامیابی بھی ملی۔