آسٹریلیا کے سابق اسپن گیندباز شین وارن بائک حادثے میں زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثہ کے بعد وہ اسپتال پہنچے اور اسکیننگ کروائی۔ اس وقت انھیں کافی درد و سوزش سے گزرنا پڑ رہا ہے۔ دراصل وارن اپنے بیٹے جیکسن کے ساتھ بائک پر کہیں جا رہے تھے۔ اسی درمیان وہ بائک سے گر گئے اور تقریباً 15 میٹر تک گھسٹتے چلے گئے۔ حادثے کے بعد وارن نے جسم میں کھرونچ آنے اور درد کا احساس ہونے کی بات کہی۔ حالانکہ انہیں کوئی سنگین چوٹ تو نہیں آئی ہے لیکن جب وہ صبح میں اٹھتے ہیں تو درد محسوس ہوتا ہے۔ اس کے لئے وارن اسپتال گئے اور فریکچر کی جانچ کرائی۔ لیکن اسکین میں ہڈی کا کوئی فریکچر نظر نہیں آیا جس سے انہوں نے راحت کی سانس لی ہے۔
امید کی جارہی کہ وارن جلد پوری طرح صحت یاب ہو جائیں گے اور ایشیز سیریز میں کمنٹری کی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ کرکٹ شائقین بھی شین وارن کی موجودگی سے کافی متاثر ہوتے ہیں اور ان کے کرکٹ سے متعلق تجربات اور تجزیات سے رو برو ہوتے ہیں۔
غور طلب ہے کہ میدان کے باہر شین وارن کافی متنازعہ شخصیت کے مالک ہیں۔ اپنی غلط حرکتوں کی وجہ سے وہ کئی بار مصیبت میں بھی پھنس چکے ہیں۔ ڈرگس کی وجہ سے انہیں 2003 عالمی کپ سے باہر ہونا پڑا تھا جس کے بعد انہوں نے ایک روزہ کرکٹ کو الوداع کہہ دیا تھا۔ وہ اپنی عشق مزاج طبیعت کے لیے بھی مشہور ہیں۔