ایک بار پھر خلیج بنگال میں ہلچل ہو رہی ہے جس نے آندھرا پردیش اور اڈیشہ کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ خلیج بنگال میں دھیرے دھیرے ایک گردابی طوفان تیار ہو رہا ہے جو 4 دسمبر کے آس پاس آندھرا پردیش اور اڈیشہ کے ساحل تک پہنچ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آندھرا پردیش اور اڈیشہ کے سمندری ساحلوں سے سنیچر تک ’جواد‘ طوفان ٹکرا سکتا ہے۔
’جواد‘ کی آمد کا خدشہ دیکھتے ہوئے ہندوستانی محکمہ موسمیات نے زوردار بارش کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں کے موسم کا حال دیکھیں تو لگاتار کم دباؤ والا نظام تیار ہوا۔ لیکن یہ 31 سالوں میں پہلی بار ہے کہ اکتوبر اور نومبر کا مہینہ شمالی بحر ہند (خلیج بنگال اور بحیرۂ عرب) کے اوپر بغیر کسی گرداب کے گزرا ہے۔ موسمیات سائنس کی نظر سے دیکھیں تو مانسون کے بعد کے مہینوں کے دوران اس علاقہ میں نومبر میں سب سے زیادہ گردابی نظام تیار ہوتا ہے۔
جہاں تک گردابی طوفان ’جواد‘ کے نام کا سوال ہے، اسے یہ نام سعودی عرب نے دیا ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیاتی سائنس نے ’جواد‘ کے تعلق سے بتایا ہے کہ یہ سنیچر کی صبح آندھرا پردیش اور اڈیشہ کے ساحلی علاقوں میں پہنچ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ تھائی لینڈ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں صبح ساڑھے آٹھ بجے کم دباؤ والا علاقہ بنا ہوا ہے۔ دباؤ والا یہ علاقہ آئندہ 12 گھنٹوں میں بحیرۂ انڈمان تک پہنچ سکتا ہے۔