جاپان کے پبھرے سمندر میں پھنس جانے والے ایک معمر شخص کے زندہ بچ جانے کی خبر سرخیوں میں ہے۔ لوگ حیران ہیں کہ 22 گھنٹے تک زندگی اور موت کے درمیان جنگ لڑتے ہوئے 69 سالہ شخص نے کامیابی حاصل کر لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گہرے سمندر میں جس طرح سے معمر شخص نے اپنی ہوشیاری اور ہمت کا مظاہرہ کیا، وہ کسی کے لیے بھی حیران کرنے والا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ 69 سالہ شخص مغربی کاگوشیما سے ایک ریزورٹ جزیرہ یکوشیما کی جانب گزشتہ 27 نومبر کی دوپہر کو جا رہا تھا۔ اچانک اس کی بوٹ الٹ گئی اور جان کو خطرہ لاحق ہو گیا۔ کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے معمر شخص جزیرے پر اپنے ایک ساتھی کو کال کر کے اپنی پریشانی بتانے میں کامیاب ہو گیا۔ بعد ازاں اسے تلاش کرنے میں کوسٹ گارڈز کو تقریباً ایک دن کا وقت لگ گیا۔

کوسٹ گارڈز کا کہنا ہے کہ جب معمر شخص پر ان کی نظر پڑی تو وہ اپنی الٹ جانے والی کشتی کے انجن پر بیٹھا ہوا تھا۔ وہ انجن کے ایک حصے کو بہت مضبوطی کے ساتھ پکڑے ہوئے تھا تاکہ بہہ نہ جائے۔ ایک کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ کھلے سمندر میں تنہا 22 گھنٹے تک زندہ رہنا کسی کرشمہ سے کم نہیں۔ حکام کے مطابق معمر شخص نے ایک پلاسٹک شیٹ کو اپنے گرد لپیٹ لیا تھا تاکہ ٹھنڈ سے بچ سکے۔ اس طرح مشکل حالات میں بھی وہ خود کو بچانے میں کامیاب ہوا۔