تاجکستان: اردو کے معروف نقاد، شاعر اور ’تاجک نیشنل یونیورسٹی‘، دوشنبہ، تاجکستان میں وزیٹنگ پروفیسر ڈاکٹر مشتاق صدف کو ان کی گراں قدر علمی و ادبی اور تدریسی خدمات کو دیکھتے ہوئے ایشین لینگویجیز آف دی اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف لینگویجیز آف تاجکستان نے اپنے دو اساتذہ کے لیے پی ایچ ڈی کا نگراں اور ایڈوائزر مقرر کیا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف لینگویجیز نے یہ فیصلہ تاجکستان میں ہندوستانی سفارت خانہ سے ملی تحریری اجازت کے بعد کیا ہے۔
غور طلب ہے کہ تاجکستان میں پہلی بار کسی ہندوستانی استاد کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ ڈاکٹر مشتاق صدف علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں اردو کے استاد ہیں اور اب وہ کچھ برسوں کے لیے ڈیپوٹیشن پر ’تاجک نیشنل یونیورسٹی‘ میں وزیٹنگ پروفیسر کی حیثیت سے اپنی تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جن دو اساتذہ کے وہ نگراں اور ایڈوائزر مقرر کیے گئے ہیں ان میں پہلا نام جناب سید زادہ اویس الدین (صدر شعبہ ہندی) ہے۔ ان کے پی ایچ ڈی کا موضوع ’فیض احمد فیض اور جدید ہند و پاک ادب کے فروغ میں ان کی خدمات‘۔ دوسرا نام اہتم شاہ یونسی (صدر شعبہ فلولوجی) کا ہے۔ ان کا تحقیقی و تنقیدی موضوع ’برصغیر میں تہذیب و ثقافت کے فروغ میں تاجکی (فارسی) کی خدمات اور مقام‘ ہے۔
تاجکستان میں ہندوستانی سفیر ویراج سنگھ نے ڈاکٹر مشتاق صدف کو پی ایچ ڈی کا نگراں مقرر کیے جانے کے بعد کہا کہ اس فیصلے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلیمی، تہذیبی اور ثقافتی معاہدے کو تقویت پہنچے گی۔
(پریس ریلیز)