کانگریس جنرل سکریٹری اور اتر پردیش انچارج پرینکا گاندھی نے 8 دسمبر کو خواتین پر مبنی انتخابی منشور جاری کیا۔ اس انتخابی منشور کو انھوں نے ’شکتی وِدھان‘ نام دیا ہے۔ پریس کانفرنس میں اس ’شکتی وِدھان‘ سے تعارف کراتے ہوئے پرینکا نے ظاہر کر دیا کہ وہ اتر پردیش اسمبلی انتخاب خواتین کے دَم پر جیتنا چاہتی ہیں۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’ہم نے 40 فیصد ٹکٹ خواتین کو دینے کا وعدہ کیا تاکہ خواتین کی خود مختاری صرف کاغذوں پر نہ رہے۔‘‘
خواتین کے اس انتخابی منشور میں پرینکا نے خواتین کو خود مختار، مضبوط اور خوشحال بنانے کے لیے کئی وعدے کیے ہیں۔ انھوں نے اتر پردیش میں کانگریس حکومت کی تشکیل پر 8 لاکھ خواتین کو روزگار دینے، منریگا میں ترجیح دینے، سرکاری عہدوں پر 40 فیصد خواتین کی تقرری اور خواتین کے لیے 10 رہائشی کھیل اکادمی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، لڑکیوں کے لیے ایوننگ اسکول اور خواتین کے لیے مفت بس سروس سمیت کئی دیگر وعدے بھی کیے گئے ہیں۔
گزشتہ کچھ سالوں میں کانگریس اپنے وعدوں کو لے کر بہت سنجیدہ دکھائی دی ہے، اس لیے خواتین میں ایک جوش دکھائی دے رہا ہے۔ پرینکا نے بھی ’شکتی وِدھان‘ کو خواتین کے لیے امیدوں اور امکانات کا اجتماعی اظہار بتایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’خواتین اب ناانصافی برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔ اس لیے ہم نے یہ منشور بنایا۔ اس کے 6 حصے ہیں– عزت نفس، خود انحصاری، تعلیم، وقار، تحفظ اور صحت۔‘‘