فلم ’83‘ کی ریلیز کو اب چند ہی دن بچے ہیں۔ ایسے میں فلم کی اکسائٹمنٹ بڑھانے کے لیے فلم کے کچھ مناظر اور قصے وقتاً فوقتاً شیئر کیے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے کی ایک دلچسپ ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں بلوندر سنگھ سندھونے فیلڈ پر ہوا ایک مزاحیہ واقعہ بیان کیا ہے۔
بلوندر سندھو 1983 کے عالمی کپ کا ذکر کرتے ہوئے کہتے ہیں ’’کپل انگلش میں بات کر رہے تھے۔ وہ فیلڈ پر میرے پاس آئے اور انہوں نے کہا ’سردار، بال ٹائٹ، باؤنڈری نہیں جانی چاہیے۔ میں نے فیلڈ لگائی ہے دیئر، دیئر اینڈ دیئر (وہاں، وہاں اور وہاں)۔‘ تو میں نے پوچھا ’وہیئر؟‘(کہاں؟)۔‘‘ بلوندر نے آگے بتایا ’’کیونکہ کپل نے اپنے دماغ میں فیلڈ لگا لی تھی۔ مجھے نہیں پتہ تھا کہ دماغ میں فیلڈ کہاں لگائی ہے، فیلڈر کہاں-کہاں ہے۔ انہوں نے بولا ’سردار سیریس ہو جا‘ میں نے کہا ’میں سیریس ہی ہو رہا ہوں۔‘‘
رنویر سنگھ کی فلم ’83‘ میں بھی اس واقعہ کو بہت ہی خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔ رنویر نے خود اس سین کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔ فلم میں بلوندر سنگھ سندھو کا کردار ایمی وِرک نے ادا کیا ہے۔ ایمی وِرک کی رنویر سنگھ کے ساتھ کیمسٹری نے اس مزاحیہ سین کو کافی بہتر بنا دیا ہے۔ ایمی کے کام کی تعریف لوگ ابھی سے ہی کرنے لگے ہیں۔ فلم میں ہارڈی سندھو، جتن سرنا اور دھیریہ کروا بھی نظر آئیں گے۔ ’83‘ 24 دسمبر کو سنیما گھروں میں دستک دینے والی ہے۔