گجرات کے شہر سورت میں رِنگ روڈ پر واقع ’ٹیسٹ آف انڈیا‘ نامی ریستوراں نے پاکستانی فوڈ فیسٹیول کا انعقاد کیا تھا جو ہنگامہ کی نذر ہوتا دکھائی پڑ رہا ہے۔ پاکستانی فوڈ فیسٹیول کے خلاف بجرنگ دل لیڈران و کارکنان نے ہنگامہ شروع کر دیا ہے۔ اس فوڈ فیسٹیول کی گزشتہ کچھ دنوں سے تشہیر ہو رہی تھی اور جگہ جگہ بینر بھی لگائے گئے تھے۔ بجرنگ دل کارکنان نے جب یہ بینر دیکھے تو پروگرام کی مخالفت کرنے کا اعلان کر دیا۔ اچانک کچھ کارکنان ریستوراں کے باہر پہنچے اور ہنگامہ شروع کر دیا۔ انھوں نے بینر پھاڑ کر اس کو نذرِ آتش کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی فوڈ فیسٹیول کا انعقاد 12 سے 22 دسمبر تک کے لیے کیا گیا تھا۔ اس میں پاکستانی کھانے کا ذائقہ لوگوں کے سامنے پیش کیا جانا تھا۔ بجرنگ دل کارکن دیوی پرساد دوبے نے سوال کیا کہ ’’فوڈ فیسٹیول کرنا ہے تو ہندوستانی فوڈ فیسٹیول کیا جائے۔ الگ الگ ریاستوں اور ثقافتوں کے فوڈ فیسٹیول کیے جائیں۔ پاکستانی فوڈ فیسٹیول ہی کیوں؟‘‘

دیوی پرساد نے پاکستانی فُوڈ فیسٹیول کیے جانے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہنومان جی نے جس طرح لنکا میں آگ لگائی تھی، ویسے یہ بھی جلے گا۔‘‘ یہ کہتے ہوئے انھوں نے ان سبھی بینر کو جلا دیا جو ’ٹیسٹ آف انڈیا‘ ریستوراں کے قریب لگائے گئے تھے۔ بجرنگ دل کارکنان نے ریستوراں کے مالک کو متنبہ بھی کیا کہ وہ دوبارہ ایسی حرکت کریں گے تو اچھا نہیں ہوگا۔