ضعیفی اور ضعیف العمری سے جڑی ہوئی بیماریاں زندگی کی ایک تلخ حقیقت ہے۔ جوانی کے بعد ضعیفی لازمی ہے، اور پھر جسم کمزور پڑنے کے ساتھ ساتھ بیماریوں کا ایک سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ جاپانی سائنسدانوں نے اس تعلق سے ایک بڑا کارنامہ انجام دیا ہے۔ انھوں نے ایک ایسی ویکسین تیار کر لی ہے جو ضعیفی اور موت کی طرف دھکیلنے والے ’زومبی سیلز‘ کے خلاف کام کرتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپانی ماہرین کے ذریعہ تیار کردہ ویکسین کے استعمال سے بڑھاپا روکنا ممکن ہو پائے گا۔ جاپانی تحقیقی ٹیم کا کہنا ہے کہ انھوں نے ’زومبی سیلز‘ کو ختم کرنے کے لیے ایک ویکسین تیار کر لی ہے۔ یہ وہ سیل ہوتے ہیں جو عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ جمع ہوتے رہتے ہیں اور قریبی خلیات کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ اس وجہ سے شریانوں میں سختی سمیت عمر بڑھنے سے متعلق بیماریاں لاحق ہو جاتی ہیں۔
جنٹینڈو یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ٹورو مینامینو کی ٹیم کے تجرباتی نتائج میں بتایا گیا ہے کہ چوہوں پر کیے جانے والے تجربات کی بدولت پتہ چلا کہ یہ ویکسین زومبی خلیات میں کمی کا باعث بنی ہے۔ علاوہ ازیں ویکسین چوہوں میں شریانوں کو سخت بنانے والے زومبی خلیات میں کمی کے لیے بھی مؤثر ہے۔ ان زومبی خلیات کو طبی زبان میں سینیسینٹ خلیات کہا جاتا ہے جو پرانے اور بیمار خلیات ہوتے ہیں۔ یہ تقسیم ہونا بند کر دیتے ہیں اور خود کو صحیح سے ٹھیک نہیں کر پاتے۔