ہندوستان کی راجدھانی دہلی میں اس وقت ڈینگو، ملیریا اور چکن گنیا کے مریضوں کی تعداد کافی تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے، اور اس کے پیش نظر ایک خصوصی ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا نام ہوگا ’ماسکیوٹو ٹرمنیٹر ٹرین‘۔انڈین ریلوے کے تعاون سے ’ماسکیوٹو ٹرمنیٹر ٹرین‘ دہلی میں چلائی جائے گی، جس کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ یہ ریلوے لائن کے آس پاس کے علاقوں میں ’پاور اسپرے‘ سے جراثیم کش دوا کا چھڑکاؤ کرے گی تاکہ وہاں سے گزرنے والے لوگ یا پھر رہائش پذیر افراد مچھر کے کاٹنے سے ڈینگو اور ملیریا وغیرہ امراض میں مبتلا نہ ہو جائیں۔
میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق ’ماسکیوٹو ٹرمنیٹر ٹرین‘ نئی دہلی سے شروع ہو کر پرانی دہلی، صدر بازار، سبزی منڈی اسٹیشن، آزاد پور، بادلی اور نریلا میں ریلوے لائن کے پاس جراثیم کش دواؤں کا چھڑکاؤ کرے گی۔ برسات کے دنوں میں ریلوے لائن کے آس پاس کے گڈھوں میں پانی بھر جاتا ہے جس میں مچھر پیدا ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ عوامی صحت محکمہ کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ اس مہم کے تحت تجربہ کیا جا رہا ہے تاکہ لوگوں کو ڈینگو اور ملیریا جیسی بیماریوں سے بچایا جا سکے۔ افسر نے مزید بتایا کہ جس جراثیم کش دوا کا چھڑکاؤ کیا جائے گا وہ ’ایکو فرینڈلی‘ ہے، اور اس سے نہ ہی لوگوں کی صحت پر کوئی منفی اثر ہوگا، نہ ہی ماحولیات کو کسی طرح کے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔