نیا سال یعنی 2022 آنے میں ابھی کچھ دن باقی ہیں، لیکن سلمان خان نے اپنے مداحوں کے لیے نئے سال کا خوبصورت تحفہ پیش کر دیا ہے۔ دراصل سلمان نے ایک تقریب کے دوران اپنے دل کے سب سے قریب شمار کی جانے والی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کے سیکویل پر مہر لگا دی ہے۔
ممبئی میں فلم ’آر آر آر‘ کی ایک تقریب میں شرکت کر رہے سلمان خان نے جونیئر این ٹی آر، رام چرن، عالیہ بھٹ، کرن جوہر کی موجودگی میں کہا کہ ایس ایس راجامولی کے والد کے. وی. وجیندر پرساد نے ان کے کیریئر کی سب سے بہترین فلموں میں شمار ’بجرنگی بھائی جان‘ لکھی تھی اور وہ اس فلم کے سیکویل کی کہانی بھی لکھ چکے ہیں۔ سلمان کی اس بات پر کرن جوہر نے پوچھا ’’کیا اسے بجرنگی بھائی جان کے سیکویل کا اناؤنسمنٹ مانا جائے؟‘‘ اس پر سلمان نے ’ہاں‘ میں جواب دے کر اپنے مداحوں اور فلم بینوں کو سالِ نو کا تحفہ پیش کر دیا۔ سیکویل ابھی پری پروڈکشن اسٹیج میں ہے۔
واضح ہو کہ ’بجرنگی بھائی جان‘ میں سلمان خان کے بھولے بھالے انداز کو لوگوں نے کافی پسند کیا تھا۔ یہاں تک کہ پڑوسی ملک پاکستان میں بھی اس فلم کی کافی تعریف ہوئی تھی۔ کبیر خان کی ہدایت کاری والی اس فلم میں نواز الدین صدیقی اور ہرشالی ملہوترا نے بھی اپنی اداکاری سے لوگوں کا دل جیت لیا تھا۔ فلم شائقین کو تبھی سے ’بجرنگی بھائی جان‘ کے سیکویل کا بے صبری سے انتظار تھا۔