امریکہ کے کیلیفورنیا واقع فیرالن جزیرہ پر ہیلی کاپٹر سے زہر گرانے کی تیاری ہو رہی ہے۔ اس زہر کا چھڑکاؤ چوہوں کو مارنے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔ کئی لوگوں کے ذہن میں یہ سوال ہے کہ آخر چوہوں کو مارنے کے لیے زہر کا چھڑکاؤ کیوں؟ دراصل فیرالن جزیرہ پر پلیگ یعنی طاعون پھیلنے کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔ زہر چھڑکاؤ کی منظوری کے لیے طویل بحث چلی اور پھر ساحلی کمشنروں نے ووٹنگ کی تو اس متنازعہ منصوبہ کے حق میں 3 کے مقابلے 5 ووٹ پڑے۔
ہیلی کاپٹر سے زہر چھڑکاؤ کی تجویز یو ایس فش اینڈ وائلڈ لائف سروس نے پیش کی تھی۔ مقامی ماحولیاتی کارکنان کا کہنا ہے کہ زہر کے چھڑکاؤ سے چوہوں کے ساتھ ساتھ دیگر جانور بھی اس کی زد میں آئیں گے۔ حالانکہ فیرالن جزیرہ پر تحقیق کرنے والے وائلڈ لائف ماہرین کا کہنا ہے کہ چوہوں کو مارنے کے لیے فوری اور سخت اقدام کی ضرورت ہے۔
دوسری طرف وائلڈ لائف ایجنسی کا کہنا ہے کہ اگر ایف ڈبلیو ایس کے مقامی ڈائریکٹر نے بھی منصوبہ کو منظوری دے دی تو سین فرانسسکو ساحل سے کچھ دور واقع جزائر پر 2023 تک ہیلی کاپٹر سے زہر کا چھڑکاؤ کیا جا سکتا ہے۔ حالانکہ ویسٹرن الائنس فار نیچر کی سارہ وان نے اس سے بھوکے پرندوں کو خطرہ بتایا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ جب چوہے جراثیم کش کھا کر مریں گے تو بھوکے پرندوں کی جان بھی مردہ چوہوں کو کھانے سے خطرے میں پڑ جائے گی۔