میڈاگاسکر کے شمال مشرقی ساحل پر گزشتہ دنوں ایک ہیلی کاپٹر خوفناک حادثہ کا شکار ہو گیا تھا۔ اس حادثہ میں اب تک 39 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ حادثہ میں 2 لوگ زندہ بچے ہیں، لیکن سب سے حیران کرنے والا معاملہ میڈاگاسکر کے وزیر سرج گیل کا ہے۔ 57 سالہ گیل پہلے اپنی عمر کو شکست دیتے ہوئے 12 گھنٹے ٹھنڈے پانی میں تیرتے رہے، اور پھر موت کو بھی شکست دے دی۔ جب گیل ساحل پر پہنچے تو فوراً بچاؤ ٹیم ان کی مدد کے لیے سرگرم ہوئے۔
پولس اور بندرگاہ افسران کا کہنا ہے کہ حادثہ 20 دسمبر کو پیش آیا تھا۔ اس حادثہ کی وجہ کا تو پتہ نہیں چل سکا ہے، لیکن منگل کے روز 18 لاشیں برآمد ہونے کے بعد مہلوکین کی تعداد 39 ہو گئی۔ جن دو لوگوں کی زندگی بچی ہے ان میں میڈاگاسکر کے وزیر کے علاوہ ایک ساتھی پولس افسر ہے۔ دونوں منگل کی صبح سمندر کے کنارے شہر مہمبو میں الگ الگ مقامات پر تیر کر پہنچے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر گیل کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے۔ اس میں وہ لیٹے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں ’’میرے مرنے کا وقت ابھی نہیں آیا ہے۔ مجھے ٹھنڈ لگ گئی ہے، لیکن میں زخمی نہیں ہوں۔‘‘ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق گیل نے ہیلی کاپٹر کی ایک سیٹ کا استعمال تیرنے کے لیے کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ کھیل میں گیل ہمیشہ سے ہی مضبوط کھلاڑی رہے ہیں۔