خواتین کو صنف نازک کہا جاتا ہے اور سخت محنت والے کام سے عموماً وہ دور رہتی ہیں۔ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ خواتین مشکل کام کرنے کا عزم کر لیں تو انھیں کامیابی ضرور نصیب ہوتی ہے۔ اس کی تازہ مثال نیلوفر شیرازی ہیں جنھوں نے 1160 اینٹیں توڑنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ پاکستان کے اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی نیلوفر نے اس سے قبل 1000 اینٹیں توڑنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔
باہمت اور جرأت مند نیلوفر شیرازی کے اس کارنامہ سے سبھی انگشت بہ دنداں ہیں۔ کلائی کے زور سے 1160 اینٹیں توڑ کر انھوں نے ثابت کر دیا کہ صنف نازک اگر صنف آہن بننا چاہیں تو کوئی مشکل نہیں۔ نیلوفر شیرازی نے اپنے بہادرانہ اقدام سے سماج اور لڑکیوں کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ خواتین کسی سے پیچھے نہیں۔
نیلوفر شیرازی نے فروری 2021 میں 1000 اینٹیں اپنی کلائی سے توڑنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔ یہ کارنامہ انھوں نے محض 17 منٹ میں انجام دیا تھا۔ اس کے بعد نیلوفر اپنے ہی ریکارڈ کو توڑنے کے لیے تیاری کر رہی تھیں۔ نیلوفر کی جرأت اور ہمت دیکھ کر سبھی حیران ہیں اور ان کی تعریف کر رہے ہیں۔ غور طلب ہے کہ نیلوفر ہمیشہ باحجاب رہتی ہیں۔ ان کا حجاب ان کی کامیابی کے راستے میں کبھی حائل نہیں ہوا۔ نیلوفر نے اپنی مضبوط کلائی کے زور پر کئی اعزازات حاصل کیے ہیں۔ صنف آہن کی شکل میں اب وہ پوری دنیا کے سامنے مثال بن گئی ہیں۔