اپنے زمانے کی مشہور و معروف اداکارہ مادھوری دیکشت اب بھی خبروں میں بنی رہتی ہیں اور وہ مختلف ریلٹی شوز میں بھی کام کر رہی ہیں۔ 30 اگست کو انھوں نے ’ڈانس دیوانے‘ کے سیٹ کی ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں وہ ارملا ماتونڈکر کے ساتھ فلم ’ساجن‘ کے ایک نغمہ پر رقص کر رہی ہیں۔

دراصل فلم ’ساجن‘ کے 30 سال مکمل ہو گئے ہیں اور اسی کی خوشی میں انھوں نے ’ڈانس دیوانے‘ کے سیٹ پر موجود ارملا ماتونڈکر کے ساتھ ’تو شاعر ہے، میں تیری شاعری‘ نغمہ پر کچھ سیکنڈ رقص کیا۔ حالانکہ فلم ’ساجن‘ میں مادھوری دیکشت کے ساتھ اہم کردار نبھانے والے سلمان خان اور سنجے دَت اس ویڈیو میں نظر نہیں آ رہے ہیں، لیکن مادھوری اور ارملا مشہور زمانہ نغمہ ’تو شاعر ہے‘ پر رقص کرتی ہوئی کافی خوش نظر آ رہی ہیں۔

مادھوری دیکشت نے یہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے اور ساتھ ہی لکھا ہے ’’میرے ساتھ میری فلم ساجن کے 30 سال پورے ہونے کا جشن منانے کے لیے شکریہ۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ اس ویڈیو کو پوسٹ کیے ہوئے ایک گھنٹہ ہی ہوا تھا اور تقریباً 90 ہزار لائکس اسے مل چکے تھے۔ اس ویڈیو کو پوسٹ ہوئے جب تقریباً چار گھنٹے ہوئے تو لائکس کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ کو پار کر گئی۔ اس ویڈیو کو مادھوری کے شیدائی بھلے ہی خوب پسند کر رہے ہیں، لیکن اداکار سلمان خان اور سنجے دت کی کمی انھیں ضرور محسوس ہو رہی ہوگی۔