پچھلے کچھ موقعوں پر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی پریس کانفرنس میں شامل نہیں ہوئے ہیں۔ اس سے ایک بار پھر لوگوں کے دلوں میں سوال اٹھنے لگا ہے کہ شاید کوہلی کی ناراضگی ختم نہیں ہوئی ہے۔ لیکن ہندوستانی ٹیم کے نئے کوچ راہل دراوڑ نے وراٹ کوہلی کے میڈیا سے مخاطب نہیں ہونے کی اصل وجہ سے پردہ اٹھا دیا ہے۔
جوہانسبرگ میں جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ شروع ہونے سے پہلے اتوار کو جب پریس کانفرنس بلائی گئی تو اس میں بھی وراٹ موجود نہیں تھے۔ وہاں موجود کوچ دراوڑ سے جب سوال کیا گیا کہ کوہلی کیوں نہیں آ رہے؟ تو دراوڑ نے جواب دیا کہ یہ منصوبہ کا حصہ ہے۔ دراوڑ نے بتایا کہ حالانکہ میں یہ طے نہیں کرتا کہ پریس کانفرنس میں کون جائے گا، یہ فیصلہ میڈیا کو دیکھ رہی ٹیم کرتی ہے۔ ابھی وراٹ کا 100واں ٹیسٹ ہونے والا ہے، اور اسی موقع پر وراٹ کو سامنے لانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ میڈیا ٹیم نے مجھے بتایا کہ ان کو روک کے رکھا ہے تاکہ 100ویں ٹیسٹ سے پہلے انہیں میڈیا کے سامنے لایا جائے۔ تب وہ آپ کے سامنے آئیں گے اور آپ سوال پوچھ سکیں گے۔
غور طلب ہے کہ وراٹ کوہلی 98 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں اور کیپ ٹاؤن میں تیسرے ٹیسٹ کے دوران وہ اپنے 100 ٹیسٹ مکمل کریں گے۔ اب سبھی کو انتظار ہے کہ اس تاریخی موقع پر وہ پریس کانفرنس میں آئیں اور اپنے احساسات کا اظہار کریں۔