اتر پردیش اسمبلی انتخاب میں اب بہت زیادہ وقت نہیں رہ گیا ہے۔ سبھی پارٹیاں ووٹروں کو اپنی طرف کھینچنے کی کوشش میں سرگرم ہیں۔ اس درمیان کسان تحریک کے مشہور چہرہ راکیش ٹکیت نے یوپی اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کے امکانات پر اپنی رائے ظاہر کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی کی جیت کا انھیں ذرا بھی بھروسہ نہیں۔ صرف ایک ہی نسخہ ہے جو بی جے پی کو فتح دلا سکتا ہے، اور وہ ہے بے ایمانی۔
راکیش ٹکیت نے اپنی یہ رائے ’نیوز24‘ کو دیے گئے انٹرویو میں ظاہر کی ہے۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ یوپی اسمبلی انتخاب 2022 میں کون پارٹی جیت رہی، تو انھوں نے بی جے پی پر طنزیہ حملہ کیا۔ راکیش ٹکیت نے کہا کہ ’’ان کو کوئی ووٹ نہیں دے رہا۔ جیتنے کا تو خیر پتہ نہیں، کیونکہ بے ایمانی سے جیتا جا سکتا ہے۔‘‘
جب اینکر نے کسان لیڈر راکیش ٹکیت کو درمیان میں ٹوکتے ہوئے پوچھا کہ ’’اب کہاں بے ایمانی ہوتی ہے؟‘‘ تو انھوں نے جواب دیا ’’ای وی ایم سے پہلے جب پرچے کینسل ہو جائیں گے تو وہاں تو بے ایمانی ہے ہی۔ ضلع پنچایت انتخاب میں کیا ہوا تھا۔ وہی کہاوت ہے کہ ووٹ کیسے ملے گا، میری حکومت کیسے آئے گی اور میں کیسے جیتوں گا، یہ فارمولہ ہے۔ ووٹ ملنا چاہیے، چاہے وہ کیسے بھی ملے۔‘‘ راکیش ٹکیٹ نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’اگر ٹھیک سے انتخاب ہوں تو ووٹ انھیں کم ہی ملیں گے۔‘‘