شاردُل ٹھاکر اپنی آل راؤنڈر کارکردگی کی بدولت اس وقت ہندوستانی ٹیم کا ایک اہم حصہ بننے کی جانب قدم بڑھا رہے ہیں۔ 4 جنوری کو انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں 7 وکٹ لے کر ایک مرتبہ پھر اپنی اہمیت کو ثابت کر دیا۔ لیکن شاردل ٹھاکر کے ’پالگھر ایکسپریس‘ سے ’لارڈ شاردُل‘ بننے کی کہانی کافی جدوجہد بھری ہے۔
شاردُل ممبئی سے 100 کلومیٹر دور پالگھر کے رہنے والے ہیں۔ بچپن میں وہ روزانہ یہ سفر ٹرین سے کرتے تھے۔ پھر وہ اپنے کوچ دنیش لاڈ کے گھر پر ہی رہنے لگے۔ شاردُل کا وزن ابتدائی دنوں میں 83 کلو تھا جس کی وجہ سے انہیں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ پھر ظہیر خان کی صلاح پر انہوں نے فٹنس پر دھیان دیا اور اپنا وزن 13 کلو کم کر لیا۔
ممبئی کو رنجی چمپئن بنانے میں اہم کردار نبھانے والے شاردل کو 2018 میں چنئی سپرکنگ نے اپنے ساتھ جوڑ لیا۔ 2018 میں ہی انہوں نے 30 سال کی عمر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ 2021 کے آسٹریلیا دورے میں شاردل نے آل راؤنڈر کارکردگی سے سب کو اپنا مرید بنالیا۔ اس سیریز کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور کرکٹ کے ہر فارمیٹ میں ٹیم کے لیے اپنا اہم تعاون دیا۔ کوچ دنیش لاڈ کا کہنا ہے کہ شاردُل انتہائی باصلاحیت کھلاڑی ہیں۔ ان پر کوئی اسپیشل کام کرنے کی ضرورت نہیں پڑی، صرف ان کی ذہنی قوت پر میں ے کام کیا۔