بہار کی سیاست میں اس وقت بڑی تبدیلی کے آثار نظر آ رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی سخت تنقید کرنے والی پارٹی آر جے ڈی کا رویہ کچھ بدلا ہوا نظر آ رہا ہے۔ ذات پر مبنی مردم شماری کو لے کر آر جے ڈی ریاستی صدر جگدانند سنگھ نے جو بیان دیا ہے وہ نتیش کمار کے لیے بہت بڑا اشارہ ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’ذات پر مبنی مردم شماری بہار اور ملک کے لیے بہت اہم ہے۔ نتیش کمار خود اس کے حق میں رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’جو آپ کی (نتیش کمار) حمایت نہیں کرتا ہے اس کو ہٹائیے، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔‘‘
ظاہر ہے کہ جگدانند سنگھ کا اشارہ بی جے پی کی طرف ہے جو ذات پر مبنی مردم شماری نہیں چاہتی۔ جگدانند نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ ’’جو آپ کی پالیسی کی حمایت نہیں کر رہا ہے، اسمبلی کے حکم کو نہیں مان رہا ہے، آپ اس کو ہٹائیے۔ اس معاملے میں آر جے ڈی اور حزب مخالف لیڈر تیجسوی یادو کی حمایت آپ کے ساتھ ہے۔ مہاگٹھ بندھن آپ کی حمایت کرے گا۔‘‘
آر جے ڈی ریاستی صدر جگدانند سنگھ کے بیان پر جنتا دل یو کا بھی رد عمل سامنے آ گیا ہے۔ پارٹی ترجمان ابھشیک جھا نے کہا کہ بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دیے جانے کا معاملہ ہو یا پھر ذات پر مبنی مردم شماری کا، پارٹی (جنتا دل یو) کبھی اپنے اسٹینڈ سے پیچھے ہٹنے والی نہیں۔