آسٹریلیائی ٹیم ان دنوں زبردست کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے اور انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیم کو شکست دے کر ایشیز پر بھی قبضہ کر چکی ہے۔ سابق آسٹریلیائی کوچ جان بکانن نے اس کامیابی کے پیچھے کی اصل وجہ ہندوستان کی ’بی ٹیم‘ سے ملی شکست کو بتایا ہے۔
ہندوستان سے 2-1 سے ٹیسٹ سیریز ہارنے کے پورے ایک سال بعد سابق آسٹریلیائی کوچ نے کہا کہ یہ بے حد شرمناک شکست تھی۔ انہوں نے کہا کہ تب ہندوستانی ٹیم سے شکست سے ایک بڑا سبق ملا تھا۔ اس نے کوچ جسٹن لینگر سمیت تجربہ کار کھلاڑیوں کو سوچنے پر مجبور کیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ آسٹریلیا نے اپنی خامیوں کو دور کرتے ہوئے مضبوط تیاری کی اور پہلے ٹی-20 عالمی کپ جیتا، پھر انگلینڈ کو ایشیز سیریز میں شکست دی۔
ہندوستانی ٹیم نے 2020 کے آخر میں آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا۔ حالانکہ ٹیم نے دورے کی شروعات بہت خراب کی تھی اور ایک پاری میں تو صرف 36 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ لیکن پھر زبردست واپسی کرتے ہوئے 2-1 سے سیریز جیت کر آسٹریلیا کا گھمنڈ توڑ دیا۔ خاص بات یہ ہے کہ برسبین کے گابا میں جہاں آسٹریلیائی ٹیم 32 سالوں سے نہیں ہاری تھی، وہاں ہندوستانی ٹیم نے کئی تجربہ کار کھلاڑیوں کی غیر موجودگی میں ’نیٹ بالرس‘ کے ساتھ کامیابی حاصل کی تھی۔ اس سیریز میں ہندوستان سے شکست کے بعد آسٹریلیائی کھلاڑیوں نے خوب محنت کی اور ٹی-20 عالمی کپ کے بعد ایشیز میں بھی کامیابی کا پرچم لہرایا۔