اس وقت پوری دنیا کورونا کی تیسری لہر کی زد میں ہے۔ ہر طرف کورونا کا ہی خوف دکھائی پڑ رہا ہے۔ لوگوں کو اس سے بچاؤ کے لیے طرح طرح سے بیدار کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستانی گیندباز حارث رؤف کا طریقہ سب سے منفرد ہے۔ انھوں نے بگ بیش کے ایک مقابلے میں وکٹ لینے کے بعد ’کورونا اسٹائل‘ میں جشن مناتے ہوئے لوگوں کو اس سے بچاؤ کے طریقے بتائے۔ حارث رؤف کے اس دلچسپ انداز نے سبھی کو متاثر کیا ہے اور ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
’کورونا اسٹائل‘ میں جشن منانے کا یہ نظارہ ملبورن اسٹارس اور پرتھ اسکاچرس کے خلاف میچ میں دیکھنے کو ملا۔ ملبورن اسٹارس کے لیے کھیلنے والے حارث نے جب پرتھ اسکاچرس کے سلامی بلے باز کُرٹیس پیٹرسن کو آؤٹ کیا تو انہوں نے جشن کے نئے طریقے کی نمائش کرتے ہوئے سب پہلے ہاتھوں کو دھونے اور سینیٹائز کرنے کی ترغیب دی۔ پھر انہوں نے جیب میں رکھے ماسک کو نکال کر اپنے چہرے پر لگا لیا۔ اس طرح انھوں نے کورونا سے بچاؤ کے لیے لوگوں کو انوکھے طریقے سے اپنا پیغام دیا۔
حارث رؤف کی کرکٹ میدان پر اس مثبت پہل کے بعد شاید اب لوگوں کو دوسرے کھلاڑیوں کے ذریعہ بھی کچھ الگ انداز میں کورونا سے بیداری کا پیغام دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ میچ کی بات کریں تو حارث رؤف نے 4 اوور میں 38 رن دے کر 2 وکٹ لیے اور ایک کیچ بھی پکڑا۔