ایس ایس راجامولی کی فلم ’آرآرآر‘ کی ریلیز کو حالانکہ ابھی کورونا کی وجہ سے موخر کر دیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود فلم کے لیے لوگوں کا جوش برقرار ہے۔ ’آرآرآر‘ کے بارے میں کئی دلچسپ چیزیں لگاتار سامنے آ رہی ہیں۔ اب اداکار اجئے دیوگن اور اداکارہ عالیہ بھٹ کو فلم کے لیے ادا کی گئی بڑی رقم سے متعلق ایک رپورٹ سامنے آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلم میں مہمان کردار ادا کرنے کے لیے بھی اجئے دیوگن کو 35 کروڑ روپے کی بڑی رقم ادا کی گئی ہے۔ دوسری طرف فلم میں صرف 20 منٹ کی موجودگی کے لیے عالیہ بھٹ کو 9 کروڑ روپے دیے گئے ہیں۔ اجئے دیوگن کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ فلم میں ان کا کردار اتنا چھوٹا ہے کہ محض 7 دنوں میں انھوں نے شوٹنگ مکمل کر لی۔ ویسے اجئے دیوگن کا کردار فلم میں چھوٹا لیکن انتہائی اہم ہے۔
اجئے دیوگن اور عالیہ بھٹ شمالی ہند میں فلم شیدائیوں کو راغب کرنے والی ہستیاں ہیں۔ ان کی موجودگی سے فلم کے بزنس پر مثبت اثر پڑے گا۔ دونوں ہی اداکار بالی ووڈ کے چہیتے ستاروں میں سے ایک ہیں، ان کے نام پر ہی فلمیں خوب کمائی کرتی ہیں۔ واضح ہو کہ فلم کے ڈائریکٹر راجامولی شمالی ہند میں ابھی صرف ’باہوبلی‘ کی وجہ سے ہی جانے جاتے ہیں جبکہ فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہے رام چرن تیجا اور جونیئر این ٹی آر کی ڈَب کی ہوئی فلموں سے ہندی آڈینس خوب واقف ہیں۔