گزشتہ سال اگست ماہ میں شائع ہوئی ایک کتاب پر سنگاپور حکومت نے پابندی عائد کر دی ہے۔ اس کتاب میں پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے کارٹون اور کچھ متنازعہ تصویریں موجود ہیں۔ مسلم امور کے وزیر ماساگوس ذوالکفل نے بدھ کے روز سنگاپور پارلیمنٹ میں کہا کہ Red Lines: Political Cartoons And The Struggle Against Censorship کتاب میں چھپی تصویریں مسلمانوں کے لیے قابل اعتراض ہیں۔ کتاب میں دیگر مذاہب کی بے عزتی کرنے والی تصویریں بھی شامل ہیں۔‘‘
ذوالکفل کا کہنا ہے کہ سیاسی کارٹون والی کتاب پر پابندی عائد کر دی گئی ہے کیونکہ سنگاپور میں پیغمبر محمدؐ پر طنز اور ہتک آمیز تصویروں کو شائع کرنا ناقابل قبول ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مصنف کہہ سکتے ہیں کہ ان کا ارادہ کتاب کے ذریعہ کسی کی ہتک عزتی کرنا یا کسی کو نیچا دکھانا نہیں ہے، ان کا ارادہ تعلیم عام کرنا ہے، لیکن حکومت اسے نامنظور کرتی ہے۔‘‘
میڈیا رپورٹس کے مطابق سنگاپور کے سرکاری ادارہ انفوکام میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آئی ایم ڈی اے) نے گزشتہ نومبر میں ہی کہا تھا کہ کتاب کو سنگاپور میں فروخت کرنے یا تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایسا اس لیے کیونکہ اس کتاب کو مذاہب کو بدنام کرنے والے مواد کے لیے ’ناپسندیدہ اشاعتی ایکٹ‘ کے تحت ’قابل اعتراض‘ درجہ میں رکھا گیا ہے۔ غور طلب ہے کہ کتاب میں فرانسیسی رسالہ ’شارلی ہبدو‘ میں شائع پیغمبر محمدؐ کا وہ کارٹون بھی شامل کیا گیا ہے جس پر خوب ہنگامہ ہوا تھا۔