یوٹیوب پر بچوں کے لیے آپ کو طرح طرح کی ویڈیوز دیکھنے کو مل جائیں گی۔ ’انیمل ٹرین‘ اور ’جانی جانی یَس پاپا‘ جیسی ویڈیوز ہر گھر میں بچے موبائل پر دیکھتے نظر آ جاتے ہیں۔ لیکن بچوں کے لیے تیار ایک ویڈیو نے یوٹیوب پر ایسی دھوم مچائی ہے کہ سبھی حیران ہیں۔ ویڈیو ہے ’بے بی شارک‘ جو ’پنک فونگ بے بی شارک – کڈس سانگ اینڈ اسٹوریز‘ یوٹیوب چینل پر 18 جون 2016 کو اَپ لوڈ کی گئی تھی۔ اس ویڈیو کو اب تک 10 ارب سے زیادہ ویوز حاصل ہو گئے ہیں جو نیا عالمی ریکارڈ ہے۔
دراصل ’بے بی شارک‘ بھلے ہی بچوں کے لیے بنایا گیا ہو، لیکن بڑوں میں بھی یکساں مقبول ہے۔ اس ویڈیو نے نومبر 2021 میں یوٹیوب پر 7 ارب ویوز کے ساتھ سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو کے طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اب 10 ارب ویوز حاصل کر ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ اس سے قبل لاطینی نغمہ ’ڈیسپاچیٹو‘ کو سب سے زیادہ یوٹیوب ویوز کا اعزاز حاصل تھا۔ اس کو 7 ارب سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے اور ’بے بی شارک‘ نے اس کو کچھ مہینے قبل پیچھے چھوڑ دیا۔
ویسے یوٹیوب پر بہت تیزی کے ساتھ ویوز حاصل کرنے والی ویڈیوز میں بھی بچوں کی ہی ایک ویڈیو سرفہرست ہے۔ ’جانی جانی یَس پاپا‘ کو 6 ارب سے زیادہ لوگ دیکھ چکے ہیں۔ یہ ویڈیو اکتوبر 2016 میں ’لولو کڈس‘ یوٹیوب چینل پر اَپ لوڈ کی گئی تھی۔